Skip to content

اس نے کہا تھا

عالمی افسانہ میلہ 2019
افسانہ نمبر 11
اسُ نے کہا تھا
آصف اظہار علی ۔علی گڑھ ۔انڈیا

زندگی کے سفرمیں سکھہ اوردکھہ کی گٹھریاں ہر انسان اپنے وجود پر لاد کر چلتا ہے۔کبھی سکھہ کی گٹھری کھل کر بکھر جاتی ہے توراہ میں خوشیوں کے پھول کھل جاتے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم دنیا کے خوش قسمت ترین انسان ہیں۔ہمیں دکھہ درد سے واسطہ ہی نہیں پڑےگا کبھی۔کیسے پڑے گا سب کچھہ تو ٹھیک ٹھاک ہی چل رہا ہے زندگی میں ،لیکن زندگی اپنا رخ ذرا بدلتی ہے تو اچانک۔بس اچانک ہی دکھوں کی گٹھڑی کھل کر بکھر جاتی ہے اور عقل حیران پریشان سوچتی رہ جاتی ہے یہ کیا ہوا ؟ ایسا تو کبھی نہیں سوچا تھا ۔سیدھی راہ چلتے چلتے یہ ہم کانٹوں بھرے راستے پر کیسے نکل آۓ، مگر ایسا ہوتا ہی ہے۔ہرشخص کی زندگی میں، دکھوں کے بغیر یہ سفر پورا نہیں ہوتا نا ۔دکھہ درد تو ہر انسان کو جھیلنے ہی پڑتے ہیں کہ دنیا اس کی جاۓ آزماٸش ہی تو ہے۔

سکھہ چین سے گزر رہا تھا عاٸشہ کی زندگی کا سفر پچپن سال کا لمبا سفر،ایک دن بس اچانک ہی دکھہ کی گٹھڑی کھل کر بکھر گٸ۔ساری عمر کا سکھہ چین برباد ہوگیا۔پچھلے دوسال میں سب کچھہ الٹ پلٹ کر رہ گیا تھا۔کیا نظر لگ گٸ ان کے چھوٹے سے آشیانے کو۔ہاں شاید۔ نظرتو بر حق ہے۔کہتے ہیں نا کہ حسد اور جلن سے ڈالی ہوٸ بری نظر سب کچھہ برباد کردیتی ہے۔رشتوں میں دراریں پڑ جاتی ہیں۔ٹوٹ کر بکھر جاتے ہیں رشتے۔کچھہ ایساہی تو ہوا عاٸشہ اور علی کے ساتھہ۔ان کے چھوٹے سے خا ندان کو جس میں ان کے دو بیٹے بھی شامل تھے لوگ رشک کی نظر سے دیکھتے تھے۔عاٸشہ اور علی نےابھی تک تو اچھی زندگی گزاری تھی۔اگرچہ زندگی نے ان کے بڑے سخت امتحان بھی لۓ لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی۔بچوں کی اچھی تعلیم کی خاطر انہوں نے زندگی سے سخت سمجھوتے بھی کۓ انہیں ہاسٹل میں نہ چھوڑ کر دونوں میاں بیوی نے الگ الگ رہنے کا فیصلہ کیا۔عاٸشہ بچوں کے ساتھہ اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف اور علی ٹرانسفر والی ملازمت میں جگہ جگہ ٹرانسفر پر۔ٹکڑوں میں بٹی رہی زندگی۔زندگی کے سنہرے دن اور نقرٸ راتیں تنہاٸیوں کی نذر ہو گٸیں مگر باپ کی شفقت اور ماں کی ممتاکے نرم ملاٸم آنچل نے دنیا کی تمام ترسختیوں سے دونوں کو محفوظ رکھا۔بچوں کی اعلیٰ تعلیم مکمل ہوٸ تو ان کے سارے دکھہ درد جیسے دوران ہوگۓ۔اب ان کے سامنے ان کے ہاتھوں سے بوٸ اور سینچی ہوٸ نٸ عمرکی نٸ فصل لہرا رہی تھی۔وہ نہال تھے۔ہونہار اور قا بل بیٹے۔خوبرو اور مہذب بچے۔بس۔۔جیسےزندگی کی نیّا پار لگ گٸ ہو۔دونوں بیٹے دل وجان سے ماں باپ کو چاہتےتھے اور ایک دوسرے پر جان چھڑکتے تھے۔ایک ہنستا تو دوسرے کے لبوں پر بھی بے اختیار ہنسی کے پھول کھل اٹھتے۔ایک کی آنکھہ میں آنسو ہوتے تو دوسرے کی آنکھیں بھی جیسے خود بہ خود نم ہوجاتیں۔بالکل ایک جان دو قالب۔بڑے بیٹے عبد اللہ کی ملازمت شروع ہوٸ تو عاٸشہ کے دل میں ایک عجیب سی کسک پیدا ہو گٸ۔میرا ایک بیٹا اب ملازمت کے لۓباہرچلا جاۓ گا۔ہم سے دور۔ہم سے الگ۔کیسے رہوں گی میں اس کےبغیر۔دل میں ایک ہول سی اٹھتی، مگر رہنا تو تھا ہی۔بچوں کی ترقی اورآگے بڑھنے کی راہ میں اس نے ممتا کو آڑے نہیں آنے دیا تھا۔عبداللہ اپنی پہلی ملازمت کےلۓ دلی چلا گیا۔مگر ایک دن کی بھی چھٹی ہوتی تو وہ ماں باپ سے ملنے چلا آتا۔اپنی پہلی تنخواہ ملنے پر جب عبداللہ عاٸشہ کےلۓ خوبصورت شال ، علی کے لۓ سوٹ کا کپڑا اور چھوٹے بھاٸ حسن کے لۓ بہت سے تحاٸف لایا توگھر میں چاروں طرف پھلجھڑیاں سی چھوٹنے لگیں۔یعنی اب ان کا ہونہار بیٹا بڑا ہوگیا تھا۔بڑا اور سمجھدار۔خوشی صرف اس وجہ سے نہیں تھی کہ بیٹا اپنے پیروں پر کھڑا ہوگیا تھا بلکہ اب عاٸشہ اور علی کو احساس ہوگیا تھا کہ وہ اپنی تربیت میں کھرے اترے ہیں۔ان کے بچے رشتوں کی اہمیت کو سمجھنے لگے ہیں،دلی میں ملازمت ملنے کے بعد کٸ مہینے عبد اللہ عاٸشہ کی چھوٹی بہن فاطمہ کے گھر رہا۔فاطمہ سے بات ہوتی تو وہ ہمیشہ ہنس کر کہتی۔۔۔آپا! آپ دونوں تو یہاں نہیں ہیں۔لیکن عبداللہ تو آپ کو سینے سے لگا کر رکھتا ہے۔پتہ ہے، ہر روز جب میں اس کے کپڑے واشنگ مشین میں ڈالتی ہوں تو آپ دونوں کے نام کی نۓ نۓ انداز میں لکھی ہو ٸ ایک سلپ کبھی اس کی شرٹ کی جیب سے،کبھی پتلون سے اور کبھی تکیے کے نیچے سے ملتی ہے۔اس عمر میں تو آ پا لڑکے عشقیہ خطوط اپنی جیبوں میں رکھے ملتے ہیں اور آپکابیٹا عشق بھی کرتا ہے تو کس سے اپنے ماں باپ سے اور یہ سن کر عاٸشہ فون پر ہی ایک زور دار قہقہہ لگاتی۔خوشی سے پھولی نہ سماتی وہ ،علی کاسینہ بھی چوڑا ہو جا تا۔انہوں نے اپنے بچوں پر اتنا پیار جو لٹایا تھا۔یہ اسی کا نتیجہ تو تھا لیکن محبت بھی شاید گھٹتے بڑھتے چاند کی طرح ہوتی ہے۔کبھی زیادہ،کبھی کم اورکبھی بالکل ہی نظر نہ آنے والی۔ممکن ہے عبداللہ کے دل میں آج بھی ماں باپ کے لۓ اتنی ہی محبت موجود ہو مگر وہ اس کا اظہار اب تو نہیں کرتا۔وہ اب دبٸ میں بہت اچھی ملازمت کرتا ہے۔بہت دور چلا گیا ہے۔ آسمان کو چھونے کی خواہش جوتھی اس کی۔شادی بھی ہو گٸ ہے عبداللہ کی، بہت تلاش کے بعد عاٸشہ ایک بے حد خوبصورت اور پڑھی لکھی بہو گھر لے آٸ ہے۔بہو بھی دبٸ چلی گٸ ہے۔بیٹا اور بہو ماشأ اللہ خوش ہیں۔بہو کو عاٸشہ نے پسند تو کیا تھا مگر پرکھنےمیں کہیں چوک ہو گٸ۔وہ مزاج کی تیز اور ضدی نکلی۔عاٸشہ اورعلی کو روایتی ساس سسر بننا تو کبھی نہیں آیا تھا۔وہ تو دوستوں کی طرح بچوں کے ساتھہ رہتے تھے، مگر بہو کی زیادتی کودونوں نے برداشت کرلیا۔عاٸشہ تو بہو کو بیٹی بنا کر گھر لا ٸ تھی تو پھر بیٹی کی شکایت یا گلہ کس سے کرے اور یوں بھی بچوں کی شادی کے بعد ماں باپ کی سرحد ختم ہو جاتی ہے۔بچوں پر والدین کا شاید کوٸ حق بھی نہیں رہ جاتا۔عاٸشہ غزل کو بیاہ کر لاٸ تو اسے لگا کہ بیٹی کی کمی پوری ہو گٸ تھی لیکن ایسا نہیں تھا۔جب غزل نے لگاتار عاٸشہ کا دل دکھانے والی باتیں کیں تو عاٸشہ کو احساس ہوا کہ غزل ان کی بیٹی کبھی نہیں بن سکتی کہ بہویٸں بیٹیاں نہیں ہوا کرتیں۔بڑی دل دکھانے والی باتیں کرتی ہیں۔یہ دل دکھانے والی بات ہی تو ہے کہ اپنے ہی بیٹے کے گھر چند روز رہنے پر کوٸ بہو یہ احساس دلاۓ کہ گھر کا خرچ بڑھہ گیا ہے۔گھر کا ٹیلیفون چھوتے ہوۓ ان کی انگلیاں لرز لرز جاتیں کہ کہیں ان کے ٹیلیفون کا بل زیادہ نہ آجاۓ اور بہو کا بجٹ گڑ بڑا جاۓ۔عاٸشہ اور علی بیٹے کے گھر بوجھہ بن کر نہیں رہنا چاہتے تھے۔زندگی بار بار انہیں یہ سبق پڑھا رہی تھی کہ اب اولاد بڑھا پے کی لاٹھی نہیں ہوتی۔اپنی لا ٹھی خود سنبھال کر پکڑنی پڑ تی ہے۔اپنا سہارا خود ہی بننا پڑ تا ہے اور یہ بھی کہ اپنےہی بیٹے کے گھر رہنا ہے تو جیب اپنی کماٸ سے بھری ہونی ضروری ہے، ورنہ اولاد کے سامنے سر جھکانا اور شرمندہ ہونا پڑتا ہے۔

عاٸشہ اور علی تین مہینے بڑے بیٹے کے پاس دبٸ رہ کر واپس آگۓ تھے۔ابھی چھوٹا بیٹا پڑھ ہی رہ تھا۔پڑھاٸ ختم ہوتے ہوتے چھو ٹے بیٹے حسن کو عشق ہوا۔آگے پڑھنے کے لۓ امریکہ جانے کا پلان بنابنایا رہ گیا۔پڑھاٸ مکمل کرنے کے بعداسے بس ایک ہی دھن تھی کسی طرح زہرہ سے شادی ہو جاۓ۔زہرہ جو حسین ، اسمارٹ اور پڑھی لکھی تھی۔موسیقی کے شوق نے انہیں ایک دوسرے سے بہت قریب کر دیا تھا۔حسن بہت اچھی میوزک کمپوز کر لیتا تھا اور زہرہ ہر سال کالج میں ہونے والے ڈراموں کی ہیروٸن ہوتی۔ایک ڈرامے کی میوزک دیتے دیتے وہ ڈرامے کی ہیروٸن کو دل دے بیٹھا ۔عاٸشہ اورعلی کو پتہ ہی نہیں۔علی اس کے امریکہ جانے کے لۓ روپیہ جٹانے میں مصروف اور عاٸشہ اس کی جداٸ کے خوف سے بے حال۔یہ معلوم ہونے پر کہ عاٸشہ کی دوست سامیہ کی بیٹی زہرہ ہی حسن کی پسند ہے تو دونوں میاں بیوی نے نہایت خاموشی سے زندگی کے اس بدلے ہوۓ رخ کو قبول کرلیا۔کیا کرتے پھر بڑی بہو غزل کو ہنستے ہنستے پیار سے سمجھایا۔چلو اچھا ہی تو ہے لڑکی دیکھنے اور پسند کرنے کی پریشانی سے تو بچے۔لڑکی تو اچھی ہے ۔دیکھے بھالے لوگ ہیں، اچھا خاندان ہے اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے زہرہ چھوٹی بہو بن کر گھر آگٸ۔بظاہر بہت مہذب ،نازک مزاج ، مگر احساس برتری کا شکار زہرہ۔حسن کو دبٸ میں ہی اچھی نوکری مل گٸ۔وہ چلا گیا۔زہرہ یوں تو ٹھیک رہی لیکن اسے بس ُ اپنے گھر ٗ کی دھن سوار تھی۔آجکل لڑکیاں بھرے پرے گھروں میں رہنا کہاں پسند کرتی ہیں۔انہیں تو بس اپنا الگ گھر چا ہیۓ ، جس میں وہ اور اس کا شوہر رہتا ہو۔گھر پر صرف اسی کا راج ہو ۔کسی تیسرے کا گزر بھی نہ ہو ادھر۔زہرہ بھی جلد ازجلد حسن کے پاس پہنچنا اور اپنی گرہستی جمانا چاہتی تھی ، لیکن ایک دم تو سب کچھہ ہاتھہ نہیں آجاتا۔حسن کی نٸ ملازمت تھی زہرہ کو بلانے میں کچھہ وقت لگنے لگا تو وہ تلملا اٹھی۔حسن ابھی تک تو بڑے بھاٸ عبد اللہ کے ساتھہ ہی رہتا تھا۔مکان کی تلاش تیزی سے جاری تھی۔آخر ایک فلیٹ مل ہی گیا اور زہرہ دبٸ چلی گٸ۔عاٸشہ اور علی خوش تھے کہ چلو چھوٹے بیٹے کا بھی گھر بس گیا۔زندگی میں چین اور سکون ہوگا اب۔سب اپنی جگہ خوش رہیں۔بس کبھی کبھی ان کے پاس جاتے رہیں گے اور کبھی وہ لوگ ہندوستان آکر کچھہ دن ہمارے ساتھہ رہیں گے۔مگر وقت بڑا بے درد ہے وہ اپنی چال چل چکاتھا۔دونوں اعلیٰ تعلیم یافتہ بہوٶں میں آپس میں بنی ہی نہیں۔دونوں بھاٸ بھی ایک دوسرے سے بہت دور ہو گۓ۔تمام محبت نہ جانے کیسے نفرت میں بدل گٸ۔حسن کو بیوی کی طرف سے بڑے بھاٸ اور بھابھی سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔وہ دونوں بڑے بھی کیوں جھکتے بھلا۔فاصلے بڑھتے گۓ اتنے کہ رشتوں کی نرم ملاٸم ڈور ہاتھوں سے چھوٹ گٸ۔ہاں دونوں بہوٶں کے آپس کے جھگڑوں سے اتنا ضرور ہوا کہ ان کی اصلیت عاٸشہ کے سامنے آگٸ۔ان کے چہروں پر جو کٸ کٸ خوشنما پرتیں چڑھی ہوٸ تھیں وہ انہوں نے خود ہی ایک دوسرے کے چہروں سے نوچ نوچ کر پھینکنی شروع کردیں اور اندر سے جو گھناٶنے چہرے نکلے عاٸشہ کی روح تک انہیں دیکھہ کر کانپ اٹھی۔کیا ایک انسان کے کٸ کٸ چہرے ہوتے ہیں۔پرت در پرت ایک پرت کھولو تو کچھہ اور دوسری اتاروتو کچھہ اور۔عاٸشہ کا سر چکرانے لگتا تھا ٗلیکن نہیں اسے اب اپنے آپ کو سنبھالنا ہے۔بہت جی چکے سب کی خاطر۔یہاں اس دنیا کے عجاٸب خانے میں کوٸ اپنا نہیں ہوتا ۔اپنا خون اپنی اولاد بھی بدل جاتی ہے۔ان کی شادی کے بعد ماں باپ اپنی حد تک رہیں تو ٹھیک ورنہ انہیں احساس دلایا جاتا ہے کہ دیکھو اپنی حد سے آگے نہ بڑھنا ، یہاں سے ہماری حد شروع ہوتی ہے۔اس میں والدین کا کوٸ عمل دخل نہیں۔جنم دینے والی ماں کی حکمرانی ختم، وہ اب پراٸ ہوچکی ہے۔انگلی پکڑ کر چلنا سکھانے والا باپ جیسے ان کا باپ ہی نہ ہو۔کیا واقعی پراۓ ہو گۓ تھے وہ۔عاٸشہ اور علی نے دونوں بھاٸیوں کو ملانے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہے۔بڑی بہو تو کچھہ نرم پڑ بھی جاتی تھی لیکن چھوٹی کے دل میں نفرت کی جڑیں بہت گہراٸ تک پھیل چکی تھیں۔اس نے حسن سے صاف صاف کہہ دیا تھا کہاگر اسنے بڑے بھاٸ سے زرا بھی تعلق رکھا تو وہ زہرہ کو زندہ نہیں دیکھہ پا ۓ گا۔حسن ایک سیدھا سادا سا لڑکا اس کی دھمکیوں کی دہشت میں آجا تا۔بہو نہیں چاہتی تھی کہ حسن ماں باپ سے بھی رابطہ رکھے۔وہ کبھی دبٸ جاتے تو بڑے بیٹے کے پاس ہی ٹھہرتے۔ڈرتے ڈرتے ہی حسن ماں باپ سے بھی ملاقات کرتا۔کبھی کسی پارکنگ میں گاڑی لےجاکر ماں باپ سے بات ہوتی ،کبھی یوں ہی انہیں گاڑی میں بٹھا کر سڑک کوں پر گاڑی گھماتا رہتا اور بات چیت ہوتی رہتی۔عاٸشہ اور علی کو اس پر ترس بھی آتا۔آخر اتنا ڈرتا کیوں تھا وہ بیوی سے۔شاید اس کے مرنے مارنے کی دھمکیاں اسے ڈرا کر رکھہ دیتی تھیں۔وہ بیوی کو بے پناہ چاہتا بھی تو تھا

کٸ برس ہو گۓ۔عاٸشہ اور علی اپنے وطن ہندوستان میں ہی اپنی زندگی گزار رہے تھے۔اب دبٸ نہیں جانا چاہتے تھے وہ۔جب دونوں بیٹوں میں میل جول ہی نہیں ہے تو وہ وہاں جاکر کیا کریں گے۔ہر وقت کی کوفت رہے گی انہیں۔انہیں اچھا نہیں لگتا تھا کہ چھوٹا بیٹا غیروں کی طرح ان سے ملنے کے لۓ آۓ۔بظاہر وہ دونوں اپنی زندگی چین سے گزار رہے تھےلیکن اندر سے بہت بے چین تھے۔بچوں کی علہدگی نے ان کا سکھہ چین چھین لیا تھا۔بارہ سال گزر گۓ لیکن بچوں میں میل جول نہیں ہوا۔بڑے بھاٸ کو یہ گلہ کہ چھوٹا پہل کرے اور چھوٹا گھریلو بندشوں سے مجبور ولاچار۔کبھی کبھی عاٸشہ جب علی کو اداس بیٹھا دیکھتی تو اس کا ہاتھہ سہلا کر کہتی ” علی! تم بچوں کی وجہ سے اداس ہو۔۔ نہیں اداس مت ہوا کرو مجھے اپنے اللہ پر بھروسہ ہے دیکھنا وہ دونوں ایک دن ہاتھوں میں ہاتھہ ڈالے ہمارے سامنے آکھڑے ہوں گے ۔ضرور علی“۔اور علی کے لبوں پر تلخ سی مسکراہٹ آجاتی۔مرد کو تو اللہ تعالیٰ نے مضبوط بنایا ہے۔وہ غم برداشت کر سکتا ہے۔مگر عورت۔۔وہ بھی ماں وہ تو اولاد کے کسی بھی طرح کے غم میں ٹوٹ کر بکھر جاتی ہے۔وہی عاٸشہ کے ساتھہ ہوا۔وہ بکھری تو پھر ٹوٹتی ہی چلی گٸ اور ایک دن زندگی سے ہی منہ موڑ لیا اس نے۔علی کی زندگی ویران ہوگٸ۔پتہ نہیں کس طرح انہوں نے بچوں کو فون پر ماں کی موت کی اطلا ع دی۔دونوں بیٹے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔آخر عاٸشہ انکی ماں تھی۔وہ دونوں اچھی طرح جانتے تھے کہ ماں باپ کتنے اکیلے اور کس قدر دکھی ہیں۔حسن نے نہ جانے کتنے برس کے بعد بڑے بھاٸ کو فون کیا اور بھاٸ کہہ کر تڑپ تڑپ کر رونے لگا۔عبداللہ نے بھی روتے ہوۓ اسے تسلی دی اور پہلی فلاٸٹ سے مع بیوی بچوں کے دونوں بھاٸ ہندوستان چلے آۓ ۔ ماں کی لاش سفید کفن میں لپٹی اپنے آخری سفر کے لۓ تیار تھی۔دونوں نے سوگوار نظروں سے ماں کو دیکھا اور ایک طرف سر جھکاۓ بیٹھے کلمہ پڑھہ رہے باپ سے دونوں جاکر لپٹ گۓ۔علی نے بیٹوں کو لپٹا کر اور کچھہ تو نہیں صرف اتنا کہا۔اس نے کہا تھا ٗ وہ ہمیشہ کہتی تھی کہ تم دونوں ایک روز ایک ساتھہ مل کر گھر ضرور آٶ گے۔آخر تم آہی گۓ۔علی کس طرح بیٹوں سے کہتے کہ کاش تم اس کی زندگی میں ہی آجاتے۔تمہارے آخری دیدار کوترستے ہوۓ سسک سسک کر تمہاری ماں نے اپنی آخری سانسیں لی تھیں۔اس کی آنکھیں دروازے کی چوکھٹ پر بچھی رہتی تھیں۔دنیا بھر کا درد علی کے وجود سے پھوٹا پڑ رہا تھا۔بیٹے تڑپ رہے تھے۔آج انہیں نہ جانے کیوں یہ محسوس ہورہا تھا کہ جیسے ماں کی موت کے ذمہ دار وہ دونوں ہی ہیں۔دونوں دیر تک باپ سے لپٹ کر روتے رہے اور پھر حسن بڑے بھاٸ کے پیروں سے لپٹ گیا۔عبداللہ نے اسے اٹھا کر سینے سے لگا لیا اور اس کاسر اپنے زانو پر رکھہ کر سہلانے لگا۔ٹھیک اسی طرح جیسے ماں کے آغوش میں کبھی کبھی وہ پناہ لے کر بیٹھہ جایا کرتا تھا اور اس کی تمام الجھنیں اور پریشانیاں دور ہوجایا کرتی تھیں۔دور ایک طرف کھڑی دونوں بہوٸیں اداس تو ضرور تھیں لیکن ایک دوسرےکے قریب آنے کے لۓ اس موقع پر بھی ان کی اپنی اپنی انا نے بہت مضبوتی سے انہیں تھام رکھا تھا۔وہ کیسے ایک دوسرے کے قریب آتیں۔کس طرح آپس میں گلے ملتیں۔ساس کے ساتھہ بھی کوٸ خون کارشتہ تو تھا نہیں جو رخصت کے وقت ان کے قدموں سے لپٹ کر آنسو بہا لیتیں۔

Published inآصف اظہارعالمی افسانہ فورم
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x